کرپشن کے مقدمات میں بری کرنے زرداری کی درخواست مسترد

اسلام آباد ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو آج اس وقت جھٹکہ لگا جب عدالت نے کرپشن کے دو قدیم مقدمات میں انہیں بری کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ آصف علی زرداری کو 1990ء کے دہے میں اس وقت کی نواز شریف حکومت نے 5 مقدمات میں ماخوذ کیا تھا۔ یہ تمام مقدمات کرپشن سے مربوط ہیں اور اس وقت آصف زرداری کی اہلیہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی وزیراعظم تھیں۔ آصف زرداری کو پولوگراونڈ، اے آر وائی گولڈ اور ٹریکٹر مقدمات میں پہلے ہی بے قصور قرار دیا جاچکا ہے۔ جیو ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت نے دو مقدمات میں بری کردینے آصف زرداری کی درخواست آج مسترد کردی۔ ان دو مقدمات کی سماعت 8 جنوری سے شروع ہوگی اور استغاثہ گواہوں کو سمن جاری کیا جاچکا ہے۔ اس مقدمہ کی سماعت احتساب عدالت کے جسٹس محمد بشیر کررہے ہیں۔