کیتھال (ہریانہ) ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی تقریر میں کرپشن کا کوئی ذکر نہ کرنے پر تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کینسر سے زیادہ مہلک مرض ہے، وہ ہریانہ کے علاقہ کیتھال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریر ان کے دل کی آواز تھی لیکن بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے کرپشن پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کو کرپشن سے پاک ملک بنانا ہوگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا آپ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے عوام کو غذا فراہم کرنے کی ذمہ داری اٹھانے کے باوجود ہریانہ کے کسانوں کو کافی مالی فائدہ نہیں پہنچتا اس لئے وہ اعلان کر رہے ہیں کہ حکومت جلد ہی پرائم منسٹر گرام کرشی سنچائی یوجنا کا آغاز کرے گی تاکہ کسانوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ وہ کیتھال ۔ نروانا ۔ حسار۔ راجستھان قومی شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ملک کے عوام کرپشن کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ یہاں موجود عوام کا سمندر یہ پیغام دیتا ہے کہ انہیں ترقی میں بہت زیادہ یقین ہے۔ این ڈی اے کی ترجیح ترقی ہونے پر مور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمہ جہتی ترقی ہو تو ملک عروج پر آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع ترقی ہی سے پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے ریل ۔ روڈ اور فضائی رابطہ کے علاوہ ہمیں آپٹیکل فائبر نیٹ ورک پر زور دینا ہوگا۔ گیس ، برقی توانائی اور آبی گرڈس قائم کرنے ہوں گے اور ہر گھرانے تک عصری ٹکنالوجی پہنچانی ہوگی۔ قبل ازیں انہوں نے 1393 کروڑ روپئے مالیتی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس موقع پر ہریانہ پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ یہ وزیراعظم نریندر مودی کا اولین دورہ ہریانہ تھا جہاں اکٹوبرمیں رائے دہی مقرر ہے۔