ممبئی ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک کرپشن کیس میں سابق ریاستی وزیر تعمیرات عامہ چھگن بھوجبل اور دیگر 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے 3 دن بعد مہاراشٹرا اینٹی کرپشن بیورو نے آج کہا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہے لہذا ملزمین کی حیثیت سے ان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے ۔ اے سی بی کے ڈائرکٹر جنرل پروین دکشت نے بتایا کہ ثبوتوں اور واقعاتی شواہد کی بنیاد پر تمام ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا اور فی الحال احتیاط کے ساتھ تحقیقات کی جاری ہے ۔ جس کے پیش نظر ان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے ۔ اے سی بی نے 8 جون کو بعض کنٹراکٹس کی منظوری میں دھاندلیوں کے الزامات پر این سی پی لیڈر چھگن بھوجبل اور دیگر 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ دیگر ملزمین میں گجانند ساونت ( سابق سب ڈیویژنل انجینئر PWD ) ہریش پاٹل ( سابق اکزیکٹیو انجینئر ) سنجے گولنکی ( سابق انڈر سکریٹری PWD ) ایم ایچ شاہ ( سابق سکریٹری ) شامل ہیں ۔ سپریم کورٹ کے حالیہ ایک فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر پروین دکشت نے بتایا کہ اس طرح کے کیسوں میں ملزمین کی گرفتاری ضروری نہیں ہوتی ۔ چھگن بھوجبل کو سمن روانہ کرنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم فی الحال ہمہ نوعیت کی تحقیقات میں ثبوت اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں اور یہ کام مکمل ہوتے ہی چارج شیٹ پیش کردیا جائے گا اور جب ضرورت محسوس کی گئی تو انہیں سمن روانہ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل ACB نے ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ آبپاشی اسکام میں این سی پی لیڈر اجیت پوار کیساتھ نرم رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کی خوشی یا ناراضگی کی خاطر کام نہیں کرتے بلکہ ہماری ٹیم عدالت میں پیش کرنے کیلئے ثبوت اکھٹا کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔۔