کرپشن و دیگر الزامات کے ثبوت پیش کرنے پر سیاسی سنیاس : ایناپاتروڈو

جگن موہن کے رویہ پر سخت اعتراض، وزیر جنگلات اے پی کا شدید ردعمل
حیدرآباد 19 اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر جنگلات ریاست آندھراپردیش سی ایچ اینا پاتروڈو نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن اے پی اسمبلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور کہاکہ ان پر (اینا پاتروڈو پر) جگن موہن ریڈی کی جانب سے عائد کردہ کرپشن کے الزامات ثبوت کے ساتھ پیش کرتے ہوئے الزامات کو ثابت کر دکھانے کی صورت میں وہ سیاسی سنیاس لینے کا اعلان کیا۔ آج وشاکھاپٹنم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اینا پاتروڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر جگن موہن ریڈی کے طرز عمل پر سخت اعتراض کیا اور کہاکہ سیاسی نظام خراب و ناکارہ ہوجانے کا خود وائی ایس آر پارٹی صدر کی جانب سے اظہار کرنا بدبختانہ ہے اور دریافت کیاکہ سیاسی نظام کو تباہ و برباد آیا جگن ذمہ دار نہیں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جگن جیسے قائد کی وجہ سے ہی سیاسی اقدار کی اہمیت روز بروز کم ہوتی جارہی ہے۔ اس طرح چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو اور ریاستی وزراء کے ساتھ ساتھ تلگودیشم پارٹی قائدین کے خلاف غلط و بے بنیاد الزامات عائد کرنا ہی جگن موہن ریڈی اپنی عادت بناچکے ہیں۔ سی ایچ اینا پاتروڈو نے اپنے شدید ردعمل و برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جگن ریاست میں چیف منسٹر یا کسی وزیر کے کرپشن کو ثابت کئے بغیر صرف ہوائی باتیں کررہے ہیں۔ جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ خود جگن کرپشن و بے قاعدگیوں اور غیر مجاز املاک رکھنے کے معاملات سے متعلق کیسیس میں تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں اور اب (چیف منسٹر اور وزراء پر) بھی کیچڑ اُچھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔