کسانوں کو 9 گھنٹے اور گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے برقی : کابینی اجلاس
وشاکھا پٹنم 12 جون ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ ان کی حکومت ایک شفاف اور کرپشن سے پاک انتظامیہ فراہم کرنے کی کوشش کریگی ۔ آندھرا پردیش میں اپنی حکومت کے قیام کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا اصل مقصد کرپشن سے پاک حکمرانی فراہم کرنا ہے اور حکومت سرکاری اراضیات کا تحفظ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم حکومت غریبوں کی دوست ہے اور ان کی فلاح کیلئے کام کریگی ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کو 9 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کی کوشش کریگی اور گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے برقی فراہم کرنے کی کوشش کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما میں ونڈ پاور برقی تیار کرنے کا منصوبہ ہے اور ریاست آندھرا پردیش کو ایسی ریاست بنایا جائیگا جہاں فاضل برقی دستیاب رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کابینہ نے معمرین ‘ بیواؤں ‘ بافندوں ‘ ایچ آئی وی مریضوں اور معذورین کو وظیفہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جس پر 2 اکٹوبر سے عمل ہوگا ۔حکومت کے اس فیصلے سے 43,14,975 افراد کو فائلدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں غیر قانونی شراب کی دوکانات کو بند کردیا جائے گا ۔