کرن کما رریڈی کا دہلی جانے سے گریز

حیدرآباد 24 جنوری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر مسٹر این کرن کما رریڈی نے کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کیلئے اپنا دہلی کا دورہ منسوخ کردیا ہے ۔ وہ اس دورہ کے موقع پر راجیہ سبھا انتخابات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کرنے والے تھے ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی سشن کے جاری رہنے کو اپنا دورہ ملتوی کرنے کا بہانہ بنایا ہے ۔ اسمبلی میں فی الحال تلنگانہ بل پر مباحث کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ ڈاکٹر ریڈی نے آندھرا پردیش میں کانگریس امور کے نگران ڈگ وجئے سنگھ کو بتایا کہ وہ اسمبلی اجلاس کی وجہ سے دہلی کا دورہ نہیں کر پائیں گے کیونکہ اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث چل رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ مسٹر کرن کمار ریڈی دہلی کا دورہ کرکے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کرنے والے تھے تاکہ آئندہ ماہ ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ واضح رہے کہ تنظیم جدید آندھرا پردیش کے بل پر اسمبلی میں مباحث جاری تھے اور اس کیلئے 23 جنوری تک کی مہلت دی گئی تھی تاہم مہلت کے آخری دن صدر جمہوریہ نے حکومت کی درخواست پر اس میں مزید سات دن کی توسیع دی ہے اور اب یہ بل 30 جنوری تک مباحث کے بعد مرکز کو واپس بھیجا جانا ہے ۔ کرن کمار ریڈی نے 17 جنوری کو ہوئے کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی ۔ یہ سشن دہلی میں ہوا تھا اور اس وقت بھی اسمبلی کا اجلاس چل رہا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر پردیش کانگریس بوتسہ ستیہ نارائنا آج دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔