کرن کمار کی نئی پارٹی کی اطلاعات بے بنیاد

حیدرآباد 9 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر پرائمری ایجوکیشن و اُمور مقننہ ڈاکٹر ایس شیلجا ناتھ نے واضح طور پر کہاکہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی جانب سے کوئی نئی پارٹی قائم کرنے کا ہرگز کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ اور جو اطلاعات گشت کررہی ہیں وہ بالکلیہ طور پر غلط و بے بنیاد ہیں۔ علاوہ ازیں کرن کمار ریڈی کے چیف منسٹر عہدے سے مستعفی ہونے کی اطلاعات کو بھی مسترد کردیا اور کہاکہ یہ اطلاعات بھی صرف پھیلائی گئی افواہوں کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔

اُنھوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ این کرن کمار ریڈی کو نئی پارٹی قائم کرنے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ بنیادی طور پر کانگریسی ہیں اور پارٹی میں رہ کر ہی وہ اپنے مطالبات کو منوانے کیلئے پارٹی ہائی کمان سے جدوجہد کریں گے۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر اپنے مفادات کیلئے نہیں بلکہ سیما آندھرا کے کروڑہا عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے پارٹی میں رہ کر جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ وزیر موصوف نے مزید کہاکہ این کرن کمار ریڈی اپنے اُصول اور دُھن کے پکّے قائد ہیں اور متحدہ آندھراپردیش ریاست کی برقراری کیلئے ممکنہ کوشش کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر شیلجہ ناتھ نے کہاکہ ریاست کی تقسیم کا مسئلہ مرکزی حکومت کی منظوری پر ہی مبنی ہے اور ہم ریاست کو تقسیم سے بچانے کیلئے پوری پوری کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر ایس شیلجا ناتھ نے ہی ایک عرصہ قبل اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ریاست کی تقسیم کے خلاف چیف منسٹر نئی پارٹی تشکیل دینے کیلئے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں تیاریوں کے تیزی سے جاری رہنے کا اظہار کیا تھا۔