کرن کمار ریڈی کے احکامات پر گورنر کی نظرثانی‘ بعض تبادلے منسوخ

حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) مسٹر کرن کمار ریڈی نے وزارت اعلی سے استعفی سے قبل جو تقررات اور تبادلے عمل میں لائے تھے ان پرنظر ثانی کی جا رہی ہے ۔ ان تقررات اور تبادلوں پر نظرثانی کرکے گورنر کی ہدایت پر آج چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے چند آئی اے ایس عہدیداروں کے دوبارہ تبادلے کرنے احکامات جاری کئے ۔ گذشتہ دو دن قبل بھی چیف سکریٹری نے کرن کمار ریڈی کی جانب سے متبدلہ عہدیداروں کے احکامات منسوخ کرکے ا زسر نو احکامات جاری کئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرن کمار ریڈی کی جانب سے استعفی سے قبل احکامات جاری کرکے جن عہدیداروں کے تبادلے کئے تھے ان پر گورنر مسٹر نرسمہن نے ناراضگی کا اظہار کیا اور چیف سکریٹری کو بعض احکام پر نظر ثانی اور نئے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی ۔

آج جن آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کے احکامات جاری کئے گئے ان میں مسٹر کے این جواہر ریڈی کا تبادلہ کرکے انہیں سکریٹری محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقیات تعینات کیا گیا ۔ مسٹر وی ناگی ریڈی پرنسپال سکریٹری پنچایت راج کا تبادلہ کرکے انہیں پرنسپال سکریٹری آبپاشی و کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ تعینات کیا گیا بجائے مسٹر کے ایس جواہر ریڈی متبدلہ۔ مسٹر آدتیہ ناتھ داس پرنسپال سکریٹری کو محکمہ انفراسٹکچر اینڈ انوسٹمنٹ پر تبادلہ کے احکام کو منسوخ کرکے انہیں پرنسپال سکریٹری محکمہ آبپاشی و کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ واپس کردیا گیا ہے ۔ این سریدھر کمشنر ڈسٹلریز اینڈ بریوریز و ایم ڈی اے پی بریوریجس کارپوریشن کا تبادلہ کرکے منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ای ڈبلیو آئی ڈی سی متعین کیا گیا ۔ مسٹر احمد ندیم کمشنر پروہبیشن اینڈ اکسائز کو کمشنر ڈسٹلریز اینڈ بریوریز اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر اے پی بریوریجس کارپوریشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ بجائے مسٹر این سریدھر متبدلہ ۔