کرن کمار ریڈی کا سہ روزہ دورہ آندھرا

خاتون تنظیموں اور آندھرا ایمپلائز جے اے سی قائدین سے ملاقات کا امکان

حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر و صدر جئے سمکیا آندھرا پارٹی مسٹر این کرن کمار ریڈی تین روزہ آندھرا کے دورہ پر روانہ ہوئے اور آج یعنی بروز اتوار آندھرا علاقہ کے دوران سہاورم کے مقام پر خواتین تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ مسٹر کرن کمارریڈی کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ صدر جے سمکیا آندھرا پارٹی اپنے دورہ آندھرا علاقہ کے دوران سیما آندھرا ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرکے سیما آندھرا علاقہ میں انتخابی مہم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے لئے اپنی اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کرن کمار ریڈی بڑے جلسہ عام منعقد کرنے سے گریز کرتے ہوئے صرف علیحدہ علیحدہ اجلاس طلب کرکے ان اجلاسوں میں انتخابی حکمت عملی پر اجلاس میں شریک مختلف قائدین سے صلاح و مشورہ کریں گے۔ اسی ذرائع کے مطابق صدر جئے سمکیا آندھرا پارٹی اپنے سینئر رفقاء سے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور انتخابی مقابلہ کے لئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس طلب کرکے مشورہ کرچکے ہیں۔ اور سمجھا جاتا ہے کہ جئے سمکیا آندھرا پارٹی آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے لئے تقریباً تمام نشستوں پر مقابلہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور جہاں تک پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا سوال ہے توقع کی جارہی ہے کہ 80 فیصد پارٹی ٹکٹس نئے امیدواروں کو فراہم کرے گی اور ماباقی 20 فیصد نشستوں پر مختلف قائدین کو پارٹی ٹکٹس دیئے جائیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ متحدہ آندھرا جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے قائدین و مختلف تنظیموں کے عہدیداروں کو پارٹی ٹکٹس دینے پر اولین ترجیح دی جائے گی اور عوامی مقبولیت کے حامل قائدین کو انتخابی میدان میں اُتارا جائے گا۔