نئی دہلی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا نے بتایا ہے کہ2005ء سے قبل جاری کردہ تمام بینک نوٹوں کو 31 مارچ 2014ء کے بعد مارکٹ سے مکمل طور پر واپس لے لیا جائے گا۔ اور ان نوٹوں کی گشت روک دی جائے گی۔ عوام الناس کو چاہئے کہ وہ یکم ؍ اپریل 2014ء سے بینکوں سے رجوع ہوکر اپنے ان نوٹوں کو تبدیل کرالیں۔ آر بی آئی کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ نوٹوں کی تبدیلی کیلئے بینکوں میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ریزرو بینک نے مزید بتایا کہ عوام آسانی سے واپس لئے گئے نوٹوں کی شناخت کرسکتے ہیں۔ تاہم یکم ؍ جولائی 2014ء سے 500 اور 1000 روپئے کے زائداز 10 نوٹ ہی تبدیل کئے جائیں گے۔ آر بی آئی نے مزید کہا کہ نان کسٹمرس کو بینک برانچ میں اپنی شناخت اور رہائشی ثبوت پیش کرنا ہوگا ۔
سنندا کیس : پولیس تحقیقات میں تعاون کیلئے تھرور سے بھی رابطہ ممکن
نئی دہلی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس ہوسکتا ہیکہ مرکزی وزیر ششی تھرور اور دیگر کو ان کی بیوی سنندا پشکر کی پراسرار موت کی ’’تحقیقات‘‘ میں شامل کرسکتی ہے، جبکہ ایک روز قبل پولیس کو مجسٹریٹ کی جانب سے ہدایت دی جاچکی ہیکہ اس نامی گرامی کیس میں خودکشی اور قتل کے زاویوں سے چھان بین کی جائے۔ ذرائع نے کہا کہ تحقیقات کار اس کیس میں مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے سب ڈیویژن مجسٹریٹ کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں 52 سالہ سنندا کی اچانک اور غیرطبعی موت کے سبب کے طور پر زہریلے اثر کا تذکرہ کیا گیا ہے۔