ممبئی۔3 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرو بینک نے سال 2005 سے قبل طبع کردہ 500 روپئے اور 1000 روپئے کی قدر کے بشمول کرنسی نوٹوںکی تبدیلی کیلئے آج عوام کو 9 ماہ کا اضافی وقت دیا ہے ، اور یکم جنوری 2015 ء کی قطعی مہلت مقرر کی ہے ۔ سنٹرل بینک نے ایک بیان میں کہا کہ آر بی آئی نے بینکوں کو مشورہ بھی دیا ہے کہ ان نوٹوں کی تبدیلی مکمل قدر کے ساتھ اور عوام کو کسی بھی قسم کی زحمت کے بغیر یقینی بنائے۔ بینک نے وضاحت کی ہے کہ عوام ان نوٹوں کا لین دین کیلئے آزادانہ استعمال بدستور جاری رکھ سکتے ہیں اور ادائیگی میں کسی پس و پیش کے بغیر ان نوٹوں کو قبول کرسکتے ہیںکیونکہ ایسے تمام نوٹ بدستور قانونی کرنسی ہیں۔ آر بی آئی نے 22 جنوری کو کہا تھا کہ وہ ماقبل 2005 ء کے تمام کرنسی نوٹوں کو یکم اپریل سے گشت سے ہٹالے گا اور عوام کو ایسے نوٹوں کی تبدیلی کیلئے بینکوں سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ 2005 ء سے قبل جاری کردہ کرنسی نوٹوں پر عقبی جانب طباعت کا سال نہیں ہے ۔ 2005 ء کے بعد جاری کردہ نوٹوں میں طباعت کا سال پچھلی جانب کے نچلے حصہ پر دکھائی دیتا ہے ۔ آر بی آئی نے کہاکہ یہ دستبرداری معیاری بین الاقوامی طریقہ کی مطابقت میں ہے کہ بیک وقت کئی سیریز میں جاری کردہ نوٹس گشت میں نہ رکھے جائیں ۔ آر بی آئی نے کہا کہ اس طرح کے نوٹوں کی اکثریت پہلے ہی بینکوں کے ذریعہ واپس لی جاچکی ہے اور صرف محدود تعداد میں ہی ایسے نوٹ بدستور عوام کے پاس ہیں ۔ دریں اثناء آر بی آئی نے ایک اعلامیہ کے ذریعہ بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ انھیں عوام کے کسی بھی فرد کی جانب سے تبدیلی کئے جانے والے بینک نوٹس کی تعداد پر کوئی بھی تحدید عائد نہیں کرنا چاہئے ۔ بینک نے کہا کہ ان نوٹس کو آزادانہ طورپر قبول کرتے ہوئے تمام عوام الناس سے بینکوں کی تمام برانچس پر تبدیلی کرنا چاہئے ، چاہے تبدیلی کرنے والا کسٹمر ہو یا نا ہو ۔