کرناٹک و آندھرا پردیش میں روسی ایٹمی ری ایکٹرس

پراجیکٹس کیلئے اراضی دینے سے دونوں ریاستوں کا اتفاق
نئی دہلی۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ آندھرا پردیش اور کرناٹک نے اپنے پاس روسی ایٹمی توانائی ری ایکٹرس کے قیام کیلئے اراضی فراہم کرنے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں مغربی بنگال کے ہری پور میں ان پلانٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن شدید احتجاج کے سبب وہاں اس پراجیکٹ پر کام کا آغاز ناممکن ہوگیا تھا۔ ان دو ریاستوں کے مثبت جواب پر حکومت نے اطمینان کی سانس لی ہے جو اس مقصد کے لئے مغربی بنگال، کیرالا اور اُڈیشہ سے بھی رجوع ہوئی تھی تاہم ان ریاستوں نے پس و پیش کا اظہار کیا تھا۔ روس، ہندوستان میں مزید 12 نیوکلیئر توانائی ری ایکٹرس تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ سال دسمبر میں دورۂ ہند کے موقع پر اس ضمن میں اصرار بھی کیا تھا۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے کہا کہ مغربی بنگال، کیرالا اور اڈیشہ نے ایٹمی توانائی پلانٹس کے قیام پر پس و پیش کا اظہار کیا لیکن کانگریس کے زیراقتدار ریاست کرناٹک کے علاوہ این ڈی اے کی حلیف تلگو دیشم پارٹی کے زیراقتدار آندھرا پردیش نے اس پراجیکٹ پر اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان پلانٹس کیلئے پانی ایک اہم ضرورت ہے چنانچہ دور دراز کے علاقوں کے بجائے ساحلی اضلاع کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مرکز نے امریکی کمپنی جمی ای ہتاش کے تعاون سے آندھرا پردیش میں مزید ایک ایٹمی توانائی پلانٹ کے قیام کیلئے کووڈا ٹاؤن کا پہلے ہی انتخاب کرچکی ہے۔