الیکشن کمیشن میں کانگریس کی شکایت، بی جے پی پر بدعنوانیوں کا الزام
نئی دہلی۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کرناٹک کے حلقہ اسمبلی راجہ راجیشوری نگر میں ہزاروں ووٹر شناختی کارڈس کی دستیابی پر الیکشن کمیشن میں ایک درخواست پیش کرتے ہوئے بی جے پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور مرکز میں حکمراں اس جماعت پر نیم شبی ڈرامہ کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر آنند شرما کی قیادت میں اس پارٹی کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی بدعنوانیوں میں ملوث ہوئی ہے۔ شرما نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں حکمراں جماعت آزادانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کے عمل کو درہم برہم کرنے کے مقصد سے بشمول محکمہ انکم ٹیکس مختلف مرکزی اداروں کی مدد سے کانگریس امیدواروں کو نشانہ بناتے ہوئے آدھی رات کو دھاوے کروارہی ہے۔ آنند شرما نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔ ہم نے بی جے پی کی بدعنوانیوں اور بشمول محکمہ انکم ٹیکس مختلف مرکزی ایجنسیوں کے تعاون سے آزادانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کے عمل کو درہم برہم کیا جارہا ہے۔ آدھی رات کو دھاوئوں اور دیگر سازشوں کے ذریعہ کانگریس کے امیدواروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کو یقینی شکست کا سامنا ہے اور الزام عائد کیا کہ زعفرانی جماعت جنوبی ریاست کے ووٹروں پر اثرانداز ہونے کے لیے خطیر اقدامات استعمال کررہی ہے۔