بندر کو اسٹرینگ پر بٹھا کر مسافرین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا
بنگلور ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کرناٹک اسٹیٹ بس کے مسافرین کی زندگی اس وقت خطرے میں ڈالدی گئی جب بس ڈرائیور نے بندر کو اسٹرینگ پر بٹھا کر اسے بس چلانے دیا ۔ ایک مسافر نے چلتی بس کے اس منظر کا ویڈیو لیا اور سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا گیا۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اسٹرینگ سنبھال کر بس چلانے پر ڈرائیور نے کئی مرتبہ بندر کی پیٹھ تھپتھپائی ۔ ڈرائیور نے بندر کو اسٹرینگ پر بٹھاکر بس چلانے کی اس وقت بھی اجازت دی جب وہ گیر بدلتا رہا ویڈیو کے گشت ہونے پر ڈرائیور کو معطل کردیا گیا ہے ۔ کیوں کہ اس نے مسافرین کی زندگیوں کو جوکھم میں ڈالدیا تھا ۔ یہ واقعہ یکم اکٹوبر کو اس وقت پیش آیا جب کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس ڈاونگیر سے برہما ساگر جارہی تھی ۔ بس ڈرائیور 36 سالہ ایم پرکاش کو ڈیوٹی سے ہٹانے کی بھی اطلاع ہے ۔ کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( کے ایس آر ٹی سی ) کے ترجمان ٹی ایس لتا نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد تحقیقات کروائی گئی ہے ۔ ڈرائیور کو خاطی پایا گیا ۔ مسافرین کی سلامتی اولین ترجیح ہوتی ہے بس میں تقریبا 30 مسافر سوار تھے ۔ سوشیل میڈیا پر بعض افراد نے ڈرائیور کی حمایت کی ہے اور اسے جانوروں سے محبت کرنے کے عوض صرف وارننگ دے کر چھوڑنے کی خواہش کی گئی ہے جب کہ بعض نے اسے ملازمت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔۔