انیکل (کرناٹک) 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلورو سے ایرناکلم جانے والی اکسپریس ٹرین انیکل کے قریب آج پٹریوں سے اُتر گئی جس کے نتیجہ میں 9 مسافر ہلاک ہوگئے اور دیگر 18 شدید زخمی ہیں۔ راحت رسانی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔ اموات کی تعداد 9 ظاہر کی گئی ہے۔ ڈیویژنل ریلوے منیجر انیل کمار اگروال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک اور ٹاملناڈو کی سرحد پر حادثہ پیش آیا جو بنگلورو سے 45 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ 5 مرد ، 3 عورتیں اور ایک 9 سالہ لڑکا مہلوکین میں شامل ہیں۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے حادثہ کے فوری بعد اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ ایک پتھر پٹریوں پر گر گیا تھا اور ٹرین اِس سے ٹکرا گئی۔ اگروال نے کہاکہ انجن ڈرائیور نے عہدیداروں سے کہاکہ اُس نے ستون کے رگڑ کھانے کی آواز سنی تھی لیکن عہدیداروں کو کوئی پتھردستیاب نہیں ہوا۔
کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل پولیس لال رقما پاچاؤ نے کہاکہ 18 مسافر دواخانہ میں شریک ہیں، باقی معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور وہ اپنے مقامات کے لئے روانہ ہوگئے۔ ریلوے پولیس کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل آر پی شرما نے کہاکہ 25 مسافروں کو معمولی زخم آئے تھے۔ بنگلورو ۔ ایرناکلم انٹر سٹی اکسپریس ٹرین بنگلورو سے 6.15 بجے صبح روانہ ہوئی تھی اور انیکل روڈ اور ہوسور کے درمیان پٹریوں سے اُتر گئی۔ یہ مقام شہر بنگلورو ۔ سیلم سیکشن میں واقع ہے۔ پربھو نے کہاکہ تحقیقات کا حکم دیا جاچکا ہے تاکہ حادثہ کی ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے اور ایسے بدبختانہ حادثوں کی روک تھام کے لئے اصلاحی اقدام کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ باقاعدہ طور پر کارروائی کی نگرانی کریں گے۔ ریلوے پولیس، فائر بریگیڈ اور قومی آفات سماوی ردعمل فورس کی ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں۔ کرناٹک اور ٹاملناڈو کی طبی ٹیمیں مقام حادثہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔
مرکزی وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا جنھیں پربھو نے مقام واردات پر جانے کی ہدایت دی تھی، کہاکہ 9 ڈبے پٹریوں سے اُتر گئے۔ زخمیوں کو انیکل اور بنگلورو کے دواخانوں میں شریک کردیا گیا۔ کرناٹک کے وزیر صحت یو ٹی قادر نے کہاکہ طبی ٹیمیں کرناٹک اور ٹاملناڈو سے روانہ کردی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی عہدیداروں کے پاس دستیاب اطلاعات کے مطابق 50 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیر ریلوے سریش پربھو جو کرناٹک میں ٹرین حادثہ کے مقام پر فوری پہونچ گئے تاکہ راحت رسانی اور بچاؤ کارروائی کی نگرانی کرسکیں، حادثہ کی تحقیقات کا اور ذمہ داری کے تعین کا حکم دے چکے ہیں۔ اُنھوں نے متاثرین کی مدد کا بھی تیقن دیا ہے۔ حادثہ پر اظہار رنج کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے مہلوکین کے خاندانوں کو 2 لاکھ روپئے فی کس معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شدید زخمیوں کو 50 ہزار اور معمولی زخمیوں کو 20 ہزار روپئے فی کس ادا کئے جائیں گے۔ وزیر ریلوے نے مقام حادثہ پر روانہ ہونے سے پہلے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ وہ مقام حادثہ کا معائنہ کرنے اور تمام پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کیلئے بنگلورو جارہے ہیں۔ متاثرین کے خاندانوں کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ذمہ داری کے تعین اور ایسے بدبختانہ حادثوں کے انسداد کے لئے اصلاحی کارروائی کا حکم دیا جاچکا ہے۔ کارروائی کی باقاعدہ نگرانی کی جارہی ہے۔ 10 مسافرین ہلاک اور 16 شدید زخمی ہوچکے ہیں جبکہ ٹرین سے 9 نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔ صدرنشین ریلوے بورڈ متل اور ڈائرکٹر جنرل صحت خدمات ایم کے بدھل کوٹی مقام حادثہ پر پہونچ گئے ہیں تاکہ عاجلانہ کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے جو کمشنر ریلوے سیفٹی ایس کے متل کریں گے۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے قبل ازیں اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ کرناٹک میں بدبختانہ ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ گھاٹ سیکشن میں ایک بڑا پتھر پٹریوں پر گر پڑا۔ تمام عہدیداروں کو مکمل مدد کے ساتھ مقام حادثہ پہونچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔