چیف منسٹر اترپردیش 35جلسوں اور روڈ شوز سے خطاب کریں گے ‘ جے ڈی ایس کو مایاوتی کی تائید
لکھنو۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک جہاں پر آئندہ ماہ الیکشن ہونے والے ہیں‘ اترپردیش کی سیاسی پارٹیوں کا اکھاڑہ بنا ہوا ہے ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ ‘ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور بی ایس پی صدر مایاوتی اپنے اپنے پارٹی کی حمایت میں کرناٹک کا دورہ کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے ترجمان کے مطابق آدتیہ ناتھ کرناٹک میں 35ریالیاں اور روڈ شوز میں حصہ لیں گے ۔ خاص طور پر ناتھ فرقہ جس کا اثر و رسوخ ساحلی کرناٹک میں اچھا خاصہ ہے آدتیہ ناتھ جو خود بھی اسی فرقہ سے تعلق رکھتے ہیں مہم میں حصہ لیں گے ۔ بی جے پی ترجمان مسٹر شلب منی ترپاٹھی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یوگی آدتیہ ناتھ 3مئی سے کرناٹک کا طوفانی دورہ کریں گے اور 7اور 10مئی کے درمیان وہ ہر روز ریالیوں میں شرکت کریں گے ۔ سماج وادی پارٹی صدر مسٹر اکھلیش یادو بھی اپنی پارٹی کے امیدواروں کی تائید میں دورہ کریں گے ۔ ایس پی ترجمان مسٹر راجندر چودھری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اکھلیش یادو اپنی پارٹی کے تقریباً دو درجن امیدواروں کی تائید میں مہم چلائیں گے اور ایک یا دو دن میں تفصیلات جاری کردی جائے گی ۔ مسٹر چودھری نے جب یہ سوال کیا کہ آیا مسٹر یادو کاگنریس پارٹی کی تائیدی مہم چلائیں گے انہوں نے منفی جواب دیا اور کہا کہ صرف ایس پی امیدواروں کی تائیدی مہم وہ چلائیں گے ۔ گذشتہ سال کانگریس اور ایس پی نے یو پی الیکشن میں اپنی مشترکہ تحریک چلائی تھی لیکن مقامی بلدی الیکشن میں دونوں پارٹیوں نے علحدہ طور پر اپنے امیدواروں کی تائید میں حصہ لیا تھا ۔ بی ایس پی صدر مایاوتی جنہوں نے سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی جے ڈی ایس کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی ہے کل ہی میسور کے مقام سے اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ آج وہ چترا درگا مقام سے اپنی ریالی کا آغاز کردیا ہے اور 5اور 6مئی کو بلگاؤں اور بیدر میں اپنی ریالیوں سے خطاب کریں گے ۔ بی ایس پی 20سیٹوں کے ساتھ جے ڈی ( ایس) سے بھی انتخابی مفاہمت کی ہے جو اپنا کھاتہ کھولنا چاہتی ہے ۔ کانگریس پارٹی 224 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو ٹھہرائے گی جس میں 36نشستیں درج فہرست طبقہ اور 15نشستیں درج فہرست قبائل کیلئے مختص کی ہیں ۔ یو پی چیف منسٹر کے دورہ سے قبل کانگریس لیڈر نے یوگی آدتیہ ناتھ کا مذاق بھی اڑایا ہے ۔ بی جے پی لیڈر کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے جوابی حملہ کیا جائے گا ۔ کرناٹک کانگریس صدر مسٹر دنیش گنڈ راؤ نے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کا بائیکاٹ کریں لیکن بعد میں انہوں نے یہ کہہ کر کہ ’’ یہ ایک جذباتی ردعمل تھا ‘‘ معافی چاہی ۔ گذشہ ماہ فبروری میں یوگی آدتیہ ناتھ کے دورہ کرناٹک کے موقع پر چیف منسٹر سدا رامیا اور ان کے درمیان ٹوئیٹر وار چھڑ گئی تھی ۔ یوگی اپنے دورہ کے درمیان منادر اور مٹھ کا بھی دورہ کریں گے تاکہ ہندوتوا کارڈ کھیل کر اپنے دس سال قبل کھوئے ہوئے اقتدار کو واپس لیا جاسکے ۔ اپنے گذشتہ ڈسمبر کے پریورتن یاترا کے موقع پر بھی وہ ہندوؤں سے جذباتی اپیل کی تھی کہ ان کو ہنومان جینتی یا ٹیپو جینتی دونوں میں سے کسی ایک کو چننا ہے ۔