بیلگاوی ( کرناٹک ) ۔ یکم ۔ جولائی : (سیاست ڈاٹ کام ) : کرناٹک کے وزیر داخلہ مسٹر کے جے جارج نے آج بتایا کہ لوک ایوکت آفس میں کرپشن الزامات کی تحقیقات کو اس وقت تک سی بی آئی کے حوالے نہیں کی جاسکتی تاوقتیکہ یہ ادارہ خود اس خصوص میں درخواست نہیں کرتا ۔ واضح رہے کہ لوک ایوکت سرکاری دفاتر اور اداروں میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کرتی ہے لیکن آج یہ ادارہ خود تنازعہ میں گھر گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لوک ایوکت کی درخواست پر یہ تحقیقات اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم کے حوالے کردی گئی ہے ۔ لوک ایوکت بھاسکر راؤ اپنے آفس میں کرپشن کے الزامات پر تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں اور تنازعہ میں ان کے فرزند کا بھی نام لیا جارہا ہے تاہم مسٹر بھاسکر راؤ نے استعفیٰ سے انکار کردیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ لوک ایوکت کے خلاف تحقیقات کے لیے حکومت کو اختیار نہیں ہے جب کہ لوک ایوکت کی درخواست پر ہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور لوک ایوکت ایکٹ کے تحت صرف گورنر ہی اس خصوص میں اعانت کرسکتے ہیں۔ اس مسئلہ پر سی بی آئی تحقیقات کے مطالبہ پر مسٹر جارج نے کہا کہ ہمیں اس کا اختیار نہیں ہے ۔