کرناٹک انتخابات : لنگایت طبقہ کو اقلیتی درجہ کے فیصلہ کی حمایت

چترگ درگ مٹھ کے مہنت مرودہ شرانارو کا صدر بی جے پی امیت شاہ کو مکتوب
تمکورو۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لنگایت طبقہ کے ووٹوں پر بی جے پی ہو یا کانگریس دونوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں اور دونوں پارٹیاں اس طبقہ کو اپنی جانب راغب کرنے کوشاں ہیں۔ تاہم ایک ایسے وقت جب امیت شاہ نے سدارامیا حکومت کی جانب سے لنگایت کو علیحدہ مذہب تسلیم کئے جانے کی سفارش کرنے پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے تو دوسری طرف چترادرگ مٹھ کے شیوامورتی مروگوشرانارو نے بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو خط لکھتے ہوئے ان سے خواہش کی ہے کہ وہ لنگایت طبقہ کو اقلیتی درجہ دینے کرناٹک حکومت کے فیصلہ کی حمایت کرے ۔اپنے خط میں انہوں نے لنگایت اور ویراشاویا لنگایت کے ماننے والوں کے درمیان جاری تحریک کا حوالہ دیا اور اس کو جذبات کے عارضی طورپر پھوٹ پڑنے سے تعبیرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسا آگے نہیں ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ اس طبقہ کو خصوصی درجہ فراہم کرنے سے لنگایت کی دو منقسم ذیلی ذاتوں کو متحد کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ اس مذہب کو مذہبی درجہ دینے سے انفرادی طورپر اس طبقہ کے بعض نوجوانوں کو انفرادی اور اجتماعی فائدے حاصل ہوں گے ۔یہ قدم اس طبقہ کو تقسیم کرنے والا نہیں ہے بلکہ لنگایت کی دومنقسم ذیلی ذاتوں کو متحد کرنے والا ہے ۔ان کایہ خط امیت شاہ کے اس الزام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ہندووں میں اختلافات پیداکر رہی ہے ۔