کرمچاری تا کمشنر مع سکریٹری ہر ایک کے لیے ڈریس کوڈ

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے مشورے پر عمل
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ایک کروڑ افراد کی خدمات انجام دینے والے گریٹر کارپوریشن میں اب سے صفائی کرمچاری تا کمشنر مع سکریٹری ہر کوئی ایک ہی ڈریس میں نظر آئے گا اور ڈریس کوڈ کے لیے خصوصی لال رنگ کا کوٹ تیار کیا گیا ہے اور اس ڈریس کوڈ کا اجراء سکریٹری نوین متل کمشنر جناردھن ریڈی نے مشترکہ طور پر انجام دیا ۔ اس مناسبت سے انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب سے بلدیہ کے تمام ملازمین چاہے وہ کرمچاری ہو یا کمشنر و سکریٹری ہی کیوں نہ ہو تمام ملازمین یکساں ڈریس کوڈ میں ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ بلدیہ کے تحت مختلف محکمہ جات جیسے صحت و صفائی ، شہری ترقیات ، مچھر کش اور دیگر شعبہ جات ہیں جہاں الگ الگ ڈریس کوڈ استعمال کیا جاتا تھا اسی لیے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے مشورہ دیا تھا کہ بلدیہ کے تمام ملازمین کی جانب سے ایک ہی ڈریس کوڈ استعمال کرنے سے عوام کو عہدیداران کی شناخت میں آسانی ہوگی ۔ کمشنر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ ریاستی وزیر کے مشورہ پر عمل آوری کرتے ہوئے 22 ہزار صفائی کرمچاری ، عہدیداران اور اعلیٰ عہدیداران کو یہ ڈریس کوڈ فراہم کیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل کمشنرس کنڈی ، روی کرن ، رمیش چیف انجینئرس ضیا الدین ، سریش کمار ، چیف سکریٹری ٹرانسپورٹ پرادیپ اور دیگر نے شرکت کی ۔۔