حیدرآباد5جولائی(یواین آئی)کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کی تین رکنی کمیٹی کی میٹنگ 11جولائی کو حیدرآباد میں ہوگی جس میں جاریہ ماہ پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔تلنگانہ کے چیف انجینئر کی خواہش پر یہ میٹنگ طلب کی گئی ہے تاکہ ناگرجناساگر اورسری سیلم میں پانی کے ذخیرہ کی کم سطح کے پس منظر میں پانی کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ریاستی حکومت کو حیدرآباد کے پینے کے پانی کی ضروریات کے لئے سری سیلم سے 1.5 ٹی ایم سی پانی درکار ہے ۔جولائی کے اختتام تک ناگرجناساگر میں 502فیٹ اقل ترین پانی کی سطح کو برقرار رکھا جانا چاہئے ۔سری سیلم میں گزشتہ روز پانی کی سطح 779.50فیٹ رہی جبکہ ناگرجناساگر میں پانی کی سطح گھٹ کر 501.30ہوگئی ۔ناگرجناساگر کی سطح 502فیٹ سے کم ہوگئی ہے اسی لئے حیدرآباد اورنلگنڈہ کی پینے کی پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے پانی نکالنا مشکل ہوگیا ہے ۔اودے سمدرم ریزروائرکی پانی کی سطح میں بھی کمی ہوتی جارہی ہے ۔ اودے سمدرم سے ضلع نلگنڈہ کے بعض علاقوں کو پانی کی سپلائی کی جاتی ہے ۔