کرشنا ایئر کو خراج عقیدت

چینائی۔/5ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاملناڈو کے گورنر کے روشیا، انا ڈی ایم کے جنرل سکریٹری جیہ للیتا اور ڈی ایم کے صدر ایم کروناندھی نے آج سابق جج سپریم کورٹ وی آر کرشنا ایئر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی گورنر نے ایک تعزیتی بیان میں جسٹس کرشنا ایئر کو ایک عظیم داستانوی شخصیت قرار دیا جنہوں نے تاریخ ساز فیصلہ سناتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کردی تھی جنہوں نے جمہوری اصولوں کی برتری اور قانون وانصاف کی پاسداری میں پس و پیش نہیں کیا۔جیہ للیتا نے کہا کہ کرشنا ایئر کی موت سے قوم کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ وہ ایک انسانیت نواز اور عظیم سماجی جہد کار تھے اور بحیثیت سیاستداں، قانون ساز، منتظم اور جج گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ صدر ڈی ایم کے کروناندھی نے کہا کہ سزائے موت کے خلاف کرشنا ایئر کا تبصرہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔