کردوں نے داعش کو کوبانی سے نکال باہر کیا

بیروت ۔27 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) کرد جنگجوؤں نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں کو کوبانی شہر سے پسپا کر دیا ہے۔ یہ جہادی جمعرات کے روز اس شہر میں داخل ہو گئے تھے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہفتے کے روز کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے جنگجوؤں نے کوبانی شہر کا کنٹرول مکمل طور پر واپس لے لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوبانی پر قبضے کی لڑائی میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے متعدد عسکریت پسند ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ نے کوبانی پر خونریز حملہ کرتے ہوئے تقریباً 174 عام شہریوں کو ہلاک کردیا تھا ۔ اس کے علاوہ 70 جنگجو بھی اس کارروائی میں ہلاک ہوئے تھے ۔ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے کوبانی پر جمعرات کے روز ایک غیرمتوقع حملہ کیا تھا اور اس کے عسکریت پسند شہر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ایک سینیئر کرد اہلکار نے بتایا کہ جہادیوں نے گھروں میں سوتے عام شہریوں کو بلا تفریق گولیوں کا نشانہ بنایا۔ آبزرویٹری کے مطابق الحسکہ کے علاقے میں بھی اس شدت پسند گروہ نے متعدد کار بم حملوں کے ذریعے حکومت کے حامی 20 فوجیوں کو ہلاک کیا۔بعد ازاں کردش پیپلز پروٹیکشن نے ٹاؤن کا محاصرہ کرتے ہوئے اسلامک اسٹیٹ جنگجوؤں کو پسپا کردیا ۔ جہادی گروپ جس نے کئی عمارتوںپر کنٹرول کرلیا تھا اُسے بھی برخواست کرالیا گیا ہے ۔ کردوں نے ٹاؤن کے بوائز ہائی اسکول کو جہاں آئی ایس جنگجو چھپے ہوئے تھے اور یہ اُن کا آخری ٹھکانہ تھا نکال باہر کیا ۔