نئی دہلی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو یہاں طلب کیا اور کرتارپور کاریڈور سے متعلق پاکستان کی مقررہ کمیٹی میں کئی خالصتانی علیحدگی پسندوں کی موجودگی پر تشویش ظاہر کی۔ ذرائع نے کہاکہ ہندوستان نے پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ سے یہ بھی کہاکہ اُن کا ملک وہ کلیدی تجاویز پر اپنا موقف ظاہر کرے جو نئی دہلی کی جانب سے اٹاری میں گزشتہ ماہ منعقدہ میٹنگ میں پیش کئے گئے۔ یہ میٹنگ کرتارپور صاحب کاریڈور کے قواعد کار پر غور و خوض کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ وزارت اُمور خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام کو واقف کرادیا گیا کہ کاریڈور کے قواعد کار سے متعلق اگلی میٹنگ پاکستان کا جواب وصول ہونے کے بعد ہی مناسب وقت منعقد کی جائے گی۔ قبل ازیں بات چیت کا اگلا دور 2 اپریل کو واگھا سرحد پر طے کیا گیا تھا۔