کراچی ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم آج اس وقت بال بال بچ گئے جب علاقہ کارساز میں دو نامعلوم بندوق برداروں نے ان کی کار پر حملہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 49 سالہ فاسٹ بولر بولنگ کیمپ میں حصہ لینے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم روانہ ہورہے تھے کہ ان کی کار کو ایک دوسری گاڑی نے پیچھے سے ٹکر دیدی۔ ابتدائی خبروں کے مطابق نامعلوم افراد نے اکرم کی کار کو ٹکر دینے کے بعد ان پر فائرنگ کی جب وہ کار سے باہر نکل رہے تھے۔ تاہم وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔ وسیم اکرم نے ایک مقامی ٹیلیویژن چینل سے کہا کہ ’’میری کار کے ٹائروں کو گولی لگی ہے، لیکن میں محفوظ ہوں۔ میں نے اس گاڑی کا نمبر نوٹ کرلیا ہے جو پولیس کو دیا جائے گا‘‘۔ بعدازاں وسیم اکرم نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے کسی سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے‘‘۔ اکرم پاکستان کے چند عظیم کرکٹرس میں شامل ہیں جو 104 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اور 414 وکٹس حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 2898 رن کا اسکور بھی کیا ہے۔