کراچی: رینجرز کے کمانڈر کی گاڑی پر خودکش حملہ

کراچی ۔ 14 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں جمعہ کو رینجرز کے ایک افسر کی گاڑی پر خودکش بم حملے میں دو عہدیدار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق رینجرز کے کمانڈر قیوم آباد سے ڈیفنس کی طرف جا رہے تھے کہ اُن کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ رینجرز حکام نے کمانڈر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ عہدیداروں کے مطابق رینجرز کے کمانڈر حملے میں محفوظ رہے تاہم اُن کی حفاظت پر مامور دو عہدیدار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ خودکش حملے کے بعد رینجرز کے عہدیداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آور کے جسم کے اعضا کو اکٹھا کر کے اُنھیں تجزیے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کارروائی تقریباً 20 سے 25 سالہ نوجوان نے کی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ خودکش حملے میں لگ بھگ پانچ کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔