کراچی 8 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قدیم ٹرمنل پر آج رات دیر گئے مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں کم از کم پانچ سکیوریٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں ۔کہا گیا ہے کہ سکیوریٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب رات دیر گئے تقریبا 10 تا 15 انتہائی مسلح دہشت گرد ائرپورٹ میں داخل ہوئے اور انہوں نے بے تحاشہ فائرنگ شروع کردی ۔ فائرنگ کی زد میں آکر 5 ائرپورٹ سکیوریٹی فورس کے اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
ان کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ۔ ذرائع نے کہا کہ ائرپورٹ میں گھس کر دہشت گردوں نے ایک کنٹینر کو بھی آگ لگادی تھی ۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں ایک پی آئی اے اہلکار بھی شامل ہے ۔ حکام نے کراچی ائرپورٹ کو کل نصف شب تک کیلئے بندکرکے یہاں تمام خدمات کو معطل کردیا ہے ۔ یہاں آنے والے طیاروں کا رخ موڑ کر دوسرے ائرپورٹس کو منتقل کیا گیا ہے ۔ فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جس نے سارے ائرپورٹ کو محاصرہ میں لے کر ٹھکانے سنبھال لئے ہیں۔ سکیوریٹی فورسیس نے ائرپورٹ لاؤنچ کو محاصرہ میں لے لیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے تین جانب سے حملہ کیا تھا ۔ فائرنگ اور کنٹینر کو آگ لگائے جانے کے بعد مزید دو طیارے بھی آگ کی لپیٹ میں آنے کی اطلاع ہے ۔ دو جہازوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ائرپورٹ کے کچھ گوشوں سے فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں ۔ اس حملہ کے بعد قریبی نواب شاہ اور سکھر ائرپورٹس پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ پشاور سے آنے والے ایک طیارہ کو نواب شاہ پر اتار لیا گیا ہے ۔ ابتداء میں ایک طیارہ کے اغوا کی بھی اطلاع ملی تھی تاہم اس کی کوئی توثیق نہیں ہوسکی ۔ کہا گیا ہے کہ آگ لگنے سے ایک غیر ملکی کارگو طیارہ کو بھی نقصان ہوا ۔ حملہ کے بعد کراچی کے دواخانوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ڈی جی رینجرز سے بات کی ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ ائرپورٹ پر مسافرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
کہا گیا ہے کہ حملہ آور ائرپورٹ کے اصل رن وے تک پہونچ گئے ہیں ۔ حملہ آوروں کے پاس سکیوریٹی فورس کے فرضی شناختی کارڈز رہنے کی بھی اطلاع ہے ۔ رات دیر گئے تک آٹھ تا دس حملہ آوروں کے سکیوریٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ میں مصروف رہنے کی اطلاع ملی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دو دہشت گرد ایک طیارہ میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ۔ جن طیاروں کو نقصان پہونچنے کی اطلاع ہے ان میں ایک طیارہ پی آئی اے کا اور ایک طیارہ ائر بلیو کا ہے اور ایک غیر ملکی کارگو ہے ۔ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر کیلئے رک گیا تھا تاہم یہ بعد میں بحال ہوگیا ۔ حملہ کے بعد پولیس اور پاکستانی رینجرس کی بھاری جمیعت کو متعین کردیا گیا ہے جنہوں نے ائرپورٹ اور یہاں پہونچنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے ۔ ائرپورٹ کے کچھ گوشوں سے دھویں نکلتا ہوا دکھائی دے رہا تھا ۔ آخری اطلاعات ملنے تک کہا گیا ہے کہ حملہ میں جملہ 7 طیاروں کو نقصان پہونچا ہے ۔ ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ رن وے سے دھواں اٹھ رہا ہے اور جہاں طیارے پارک کئے جاتے ہیں اس علاقہ میں آگ لگی ہوئی ہے ۔ ایک بین الاقوامی ادارہ کے صحیفہ نگار نے بتایا کہ فوج کے کمانڈوز کی آمد کے بعد وہاں فائرنگ کے تبادلہ میں شدت آگئی ہے ۔