کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائینگے : نواز شریف

کراچی ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،اسے ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔ کراچی میںپاکستان ایکسپو نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے انھوں نے کہا کہ ایسی نمائش سے پاکستانی مصنوعات کو دنیا میں متعارف کرانے کا موقع ملتا ہے، نمائش سے ’میڈ اِن پاکستان‘ برانڈ کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوگی، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معاشی طاقت ہے،بین الاقوامی ممالک اورکمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے پاکستان کی پیداوار بڑھے گی تو برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہی ہے، بجلی کامسئلہ جلداز جلد حل کرنا چاہتے ہیں، امید ہے پاکستان اگلے3سال میں بجلی کے بحران پر قابو پالے۔ پاکستان کی معاشی ترقی ترجیحات میں سرفہرست ہے، نمائش کا ہونا ثبوت ہے کہ کراچی خطے میں کاروباری اہمیت کا حامل ہے ،یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ 2019تک ٹکسٹائل ایکسپورٹ کا ہدف26 ارب ڈالر تک پہنچائیں گے۔ پاکستانی باسمتی چاول دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بن جائے گا۔