کجریوال کو مودی کی ڈگریوں کی تفصیلات بتائیں : انفارمیشن کمشنر

نئی دہلی ، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے آج ایک غیرمعمولی اقدام میں دہلی یونیورسٹی اور گجرات یونیورسٹی کو ہدایت دی کہ وزیراعظم نریندر مودی کی تعلیمی ڈگریوں کے بارے میں معلومات چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو فراہم کریں، جنھوں نے شفافیت سے متعلق پیانل کی کارگزاری پر تنقید کی ہے۔ انفارمیشن کمشنر سریدھر اچاریولو نے دفتر وزیراعظم (پی ایم او) کو بھی ہدایت دی کہ وزیراعظم کی ڈگریوں کے ’’مخصوص نمبر اور سال‘‘ سے متعلق معلومات اُن کی تعلیم والی جامعات (دہلی یونیورسٹی اور گجرات یونیورسٹی) کو فراہم کرے تاکہ اُن کیلئے یہ ریکارڈز ڈھونڈنا آسان ہوجائے۔ اچاریولو نے کجریوال کی طلب کردہ وضاحت کو آر ٹی آئی درخواست تصور کرتے ہوئے اپنے حکمنامہ میں کہا کہ چناؤ لڑنے والوں کا ڈگری پر مبنی تعلیمی قابلیت کی صراحت نہ کرنا ہندوستانی جمہوریت کی ایک بڑی خصوصیت ہے ۔ اصل ضرورت تعلیم ہے نہ کہ ڈگریاں، لیکن جب وزارتِ اعلیٰ پر فائز شہری کو وزیراعظم کی ڈگری سے متعلق معلومات مطلوب ہو تو اس کا انکشاف کردینا مناسب رہے گا۔