کتب کی فروخت میرے لئے معاش کا ذریعہ:ممتا

پنیہاتی (مغربی بنگال)۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے ممتا بنرجی سے ان کی ایک پینٹنگ کو مبینہ طور پر 1.8 کروڑ روپئے میں خریدنے والے شخص کی شناخت کا افشاء کرنے کا چیلنج کیا تھا، جس کے جواب میں ترنمول کانگریس کی سربراہ نے آج کہا کہ انہوں نے اپنی کتابوں کی فروخت کو معاش کا ذریعہ بنایا۔ ’’میں میری کتابیں فروخت کرتے ہوئے گزر بسر کیلئے وسائل اکھٹا کرتی ہوں لیکن انہیں اس میں بھی مسئلہ ہے۔ میری پینٹنگس کی فروخت سے حاصل شدہ رقم ’جاگو بنگلہ‘ (ترنمول کانگریس کا ترجمان) کے حق میں بشکل چیکس لی جاتی ہے۔

میں نے میری پینٹنگس کی تین نمائشوں کا اہتمام کیا ہے۔ میری پینٹنگس کی فروخت سے حاصل شدہ رقم اسپاسٹک سوسائٹی اور سی ایمس ریلیف فنڈ کو دی گئی‘‘۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے بیان کیا کہ 2011 ء میں جب انہوں نے عہدہ سنبھالا ، انہوں نے دیکھا کہ سی ایمس ریلیف فنڈ میں غریبوں کو صحت کی بنیادوں پر ادائیگی کیلئے کوئی رقم نہیںتھی۔ میری پینٹنگس کی فروخت کے بعد 1.1 کروڑ روپئے سی ایمس ریلیف فنڈس کو دیئے گئے‘‘۔