کتاب سے دوستی زندگی بھر کا فائدہ

ایک اچھی کتاب کا مطالعہ نہ صرف بہترین مصرف ہے بلکہ یہ ہمیں زندگی گزارنے کا ڈھنگ بھی سکھاتا ہے۔ نشست و برخـواست کے طریقے، محفل میں گفتگو کے آداب، لہجے میں رکھ رکھاؤ پیدا کرتا ہے۔ یہ سب سلیقے مطالعہ سے حاصل ہوتے ہیں اور مزے کی بات یہ کہ کوئی ٹیوشن فیس بھی نہیں۔
مطالعہ کرنے کی عادت سے نہ صرف ہمارے بڑے بڑے بزرگ ہم سے خوش ہوں گے بلکہ ہمارے چھوٹے بہن بھائی اور ان کے ساتھی بھی ہم سے اچھی باتیں سیکھیں گے۔ ہماری بات کو توجہ سے سنیں گے ، اسے قابل عمل جانیں گے۔ کسی اچھی اور معیاری کتاب کا انتخاب اور اس کا مطالعہ ہمیں قطعاً اس بات کا احساس نہیں دلائے گا کہ ہم نے اپنا قیمتی وقت ضائع کیا۔ مطالعہ کرنا بھی ایک فن ہے اور مطالعہ کرنے کی ایک اچھی عادت ہمیں دوسرے بہت سے برے کاموں سے بچائے رکھتی ہے اور زندگی میں ٹھہراؤ پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے تو بس آج ہی کتاب سے دوستی کیجئے۔