کاکناڈا میں سوائن فلو کے پانچ معاملات

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) اے پی کے کاکناڈا میں دو دنوں کے دوران سوائن فلو کے پانچ معاملات درج کئے گئے ہیں۔ان افراد کو علاج کے لئے کاکناڈا کے سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا ۔ان افراد کے ڈاکٹرس نے کئی معائنے کروائے جس پر ان کو سوائن فلو ہونے کی تصدیق ہوئی ۔بعد ازاں ان افراد کو علاج کیلئے علحدہ وارڈس میں رکھاگیا ۔ڈاکٹرس نے بتایاکہ ان پانچ افراد میں ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔ ڈاکٹر راگھوایندر راو نے کہا کہ ایسے مریضوں کو الٹیاں ہوتی ہیں،جس پر ان کے مختلف نمونے گلے اور دیگر جگہوں سے حاصل کرتے ہوئے جانچ کیلئے بھیجے گئے ۔ اس جانچ کے بعد موصولہ رپورٹس میں ان کے سوائن فلو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔ڈاکٹر س نے لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔ نیشنل سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور انٹی گریٹیڈ ڈیزیزسروے لینس پروگرام کے مطابق سوائن فلو سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ بچوں ، ضعیف افراد،حاملہ خواتین اور ہیلت ورکرس میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ بہر صورت احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ شدید بخار’ چھینک’کھانسی اور بدن درد جیسی سوائن فلو کی علامات پر اسپتال سے رجوع ہوں۔