کاویری تنازعہ: گورنر سے چیف منسٹر کی ملاقات

بنگلور، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے آج گورنر وجوبھائی والا سے ملاقات کرکے تمل ناڈو کو کاویری دریا کا پانی نہ دینے کے اپنی حکومت کے فیصلے کی اطلاع دی اور ساتھ ہی ان سے ایک دن کے لئے کل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اپیل کی -کل جماعتی میٹنگ کے بعد ریاستی کابینہ نے گزشتہ رات کاویری آبی تنازعہ پر بحث کے لئے ایک دن کا اسمبلی اجلاس طلب کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے تمل ناڈو کے لئے کاویری دریا کا پانی چھوڑنے کی کرناٹک کو ہدایت دی تھی جس کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج جاری ہے ۔ مسٹر سدارمیا نے گورنر ہاؤس میں گورنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا، "میں نے سات دن کے لئے تمل ناڈو کو 6000 کیوسک پانی دینے کے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد پیدا ہوئی صورتحال اور کاویری طاس کے ذخائر میں کم پانی کی سطح کی وجہ سے پانی نہ چھوڑنے کے تمام سیاسی جماعتوں کے خیالات سے گورنر کو آگاہ کیا ہے ۔ ” مسٹر سدارمیا نے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر ایس ایم کرشنا سے بھی ملاقات کی اور ان کی مکمل حمایت حاصل کی۔