کانگو میں 32 افراد کی ہلاکت کی توثیق

کنشاسا 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک کانگو میں صدر جوزف کابیلا کی مخالفت میں گزشتہ دو دنوں کے دوران ہوئے مظاہروں کے دوران تشدد میں چار پولیس والوں سمیت 32 افراد کے مارے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ پولیس ترجمان نے یہ اطلاع دی ہے ۔پولیس ترجمان کرنل پیئرے موانا مپوٹونے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ”ہم نے کنشاسا مظاہروں میں 32 مرنے والوں کو شمار کیا ہے جن میں 28 شہری شامل ہیں”۔قابل ذکرہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے دعوی کیا تھا کہ مظاہرے کے دوران تشدد میں چھ پولیس والوں سمیت کم از کم 44 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔دوسری جانب ملک کی اپوزیشن اصلاحی فورس برائے اتحاد و یکجہتی کے سربراہ جوشیف اولونگا کوئے نے دعوی کیا کہ ان جھڑپوں میں 53 لوگ مارے گئے ہیں جبکہ مقامی کمیونسٹ حکام نے بتایا کہ اس جھڑپ کے دوران 25 مظاہرین کو گولی مار دی گئی ۔کابیلا 2001 میں اپنے والد کی موت کے بعد ان کی جگہ اقتدار میں آئے تھے ۔ ملک کے آئین کے مطابق کوئی بھی شخص دو مرتبہ سے زیادہ صدر نہیں بن سکتا۔ مخالفین نے ان پر اقتدار میں برقرار رہنے کے لئے انتخابات موخر کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ مخالفین اور صدر کے مابین گذشتہ دنوں میں لفظی تکرار میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔