کانگو مہلوک شہری کے ارکان خاندان کی آمد

ممکنہ مدد کا تیقن ، افریقی شہریوں نے کیاب ڈرائیور کو زدوکوب کیا
نئی دہلی ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے افریقی شہریوں پر متواتر حملوں کے واقعات کے پس منظر میں صورتحال کو معمول پر لانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ آج انتقامی کارروائی کے حصہ کے طورپر افریقی شہریوں کے گروپ نے مبینہ طورپر کیاب ڈرائیور کو زدوکوب کا نشانہ بنایا ۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے افریقی طلباء کے ایک گروپ سے ملاقات کی جنھوں نے کئی مسائل پر تشویش ظاہر کی ۔ کانگو کے شہری کی ہلاکت اور افریقی شہریوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ کی بناء موثر سکیورٹی کی فراہمی پر زور دیا۔ معتمد خارجہ نے طلباء سے کہاکہ بیرونی طلباء کو تحفظ اور ان کی سلامتی ہمارے لئے بنیادی ذمہ داری کی حیثیت رکھتی ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے آج یہ ٹوئٹ کیا۔ طلباء نے ویزا کے مسائل ، رہائش کے حصول میں دشواریاں اور پولیس فورس کا ان کے ساتھ رویہ جیسے اُمور بھی زیربحث لائے۔ جئے شنکر نے انھیں یقین دہانی کروائی کہ طلباء کو درپیش تمام مسائل کی موثر طورپر یکسوئی کی جائے گی ۔ ایک اور علحدہ واقعہ میں جوائنٹ سکریٹری ( مغربی افریقہ ) وزارت اُمور خارجہ بریندر یادو نے کانگو کے شہری مسونڈا کیٹاڈا اولیور کے ارکان خاندان کا ایرپورٹ پر استقبال کیا اور انھیں اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت مقدمہ کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائے گی اور اس جرم کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔ سروپ نے بتایا کہ وزارت اُمور خارجہ نے ارکان خاندان سے کہا کہ اولیور کی نعش لے جانے کے تمام انتظامات کا خرچ حکومت برداشت کرے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ ارکان خاندان نے مدد پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ارکان خاندان نے کانگویز کے ہمراہ برئندر یادو سے ملاقات کی ۔ اس دوران آج جوابی کارروائی کرتے ہوئے افریقی شہریوں کے ایک گروپ نے مبینہ طورپر کیاب ڈرائیور کو زدوکوب کیا۔ یہ واقعہ جنوبی دہلی کے راجپور خرد علاقہ میں صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ اس علاقہ میں گزشتہ ہفتہ پیش آئے چار علحدہ واقعات میں مقامی افراد پر مشمل گروپس نے افریقی شہریوں پر حملہ کیا تھا ۔ آج کا واقعہ 4 بجے صبح اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نورالدین راجپور کے مہرولی علاقہ سے مسافرین کو لانے گیا تھا ۔ پولیس نے کل افریقی شہریوں پر حملوں کے واقعات کے سلسلہ میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا تھا ۔