کانگریس ‘ تلنگانہ عوام کی خواہشات کو سمجھتی ہے : وزیر اعظم

ہمارے بغیر تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا تھا ۔ بھونگیر میں منموہن سنگھ کا خطاب

بھونگیر 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی پرتنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہا کہ حالانکہ کچھ علاقائی اور چھوٹی جماعتیں علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا سہرا اپنے سر باندھ رہی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ کانگریس کی سخت جدوجہد اور کوششوں کے بغیر علیحدہ ریاست کی تشکیل ممکن نہیں تھی ۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کے بعد تلنگانہ میں اپنے پہلے خطاب کے دوران ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ یہ کانگریس ہی ہے جس نے رکاوٹوں اور اعتراضات کو خاطر میں لائے بغیر علیحدہ ریاست کی تشکیل کو ممکن بنایا ہے ۔ نئی ریاست میں نئی حکومت کی پالیسیوں اور پروگرامس کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ نئی پالیسیاں نئی ریاست میں اہمیت کی حامل ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہے جو تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج یہ کہنا چاہتے ہیںکہ صرف کانگریس ہے جو تلنگانہ عوام کی توقعات کو پورا کرسکتی ہے ۔ ہمیں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کا تجربہ ہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر کس طرح سے ترقیاتی کام کو چلایا جاسکتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم تلنگانہ عوام کے جذبات اور احساسات کو سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو ملک کی دوسری ترقی یافتہ ریاستوں کے ساتھ شامل کیا جاسکتا ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی میں حیدرآباد کا اہم رول رہے گا انہوں نے کہا کہ یہاں تشکیل پانے والی حکومتوں میں شہر کو ایک عصری اور ترقی یافتہ شہر بنانے کی ہر ممکن ہوشش کی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے یہ تیقن دیا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت ہمہ جہتی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریگی اس کے علاوہ نئی حکومت روزگار اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دے گی ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد دونوں ریاستوں کی ضروریات کا خیال رکھا ہے ۔ وہ آندھرا پردیش کیلئے علیحدہ خصوصی پیکج کا اعلان کرچکے ہیں ۔ ہماری خواہش یہ ہے کہ دونوں ہی ریاستیں خوشحالی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کریں۔