حیدرآباد 27 فبروری(سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر شدید اختلاف کرتے ہوئے چیف منسٹر عہدہ سے مستعفی ہونے والے مسٹر این کرن کمار ریڈی کابینہ کے سابق وزراء مسرس جی سرینواس راو، ٹی جی وینکٹیش اور ای پرتاب ریڈی کے علاوہ چند ارکان اسمبلی 5 مارچ اور 8 مارچ کو منعقد ہونے والے تلگودیشم پارٹی کے پرجا گرجنا پروگرام میں تلگودیشم میں شمولیت اختیارکرلیںگے ۔ آج شام ان وزراء نے صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کر کے پائے جانے والے موجودہ حالات کے پیش نظر تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا جس پر مسٹر
این چندرا بابو نائیڈو نے بھی اپنے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔
اور ان کے سابق وزراء کو پارٹی میں شامل ہونے کیلئے گرین سگنل دے دیا۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ضلع وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے مسٹر جی سرینواس راو نے اپنے حامی چار ارکان اسمبلی ضلع وشاکھاپٹنم مسرس رمیش بابو، پندورتی کنابو ایلمنچلی، اے سرینواس بھیملی اور سی وینکٹ رامیا گاجوواکا کے ہمراہ مسٹر نائیڈو سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر سرینواس راو اور چار مذکورہ ارکان اسمبلی کے تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کی ایک عرصہ سے افواہیں گرم تھیں لیکن آج یہ افواہیں صد فیصد صحیح ثابت ہوئیں اور 8 مارچ کو وشاکھاپٹنم میں منعقد ہونے والے تلگودیشم پارٹی پر جاگرجنا میں اپنی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح مسٹر ٹی جی وینکٹ اور اے پرتاب ریڈی نے بھی 5 مارچ کو نیلور میںمنعقد ہونے والے پرجا گرجنا میںمسٹر اے پربھاکر ریڈی کے ہمراہ تلگودیشم پارٹی میں ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔