ٹی آر ایس 12ارکان اسمبلی کی درخواست کے خلاف ابھیشک مانو سانگھوی کی بحث‘ سماعت کل تک ملتوی
حیدرآباد۔30 اپریل ( سیاست نیوز) کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے مقدمہ نے آج نیا موڑ اختیار کرلیا جب کہ کانگریس کے سینئر قائد سپریم کورٹ کے وکیل ابھیشک مانو سنگھوی آج ہائیکورٹ کی سماعت میں حصہ لیا ۔ اس معاملہ میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی مداخلت کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا اختیار صرف اسپیکر اسمبلی یا اسمبلی کے سکریٹری کو ہے ۔ ہائیکورٹ نے 2مئی چہارشنبہ تک عدالت کی کارروائی ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ کے ایک رکنی بنچ نے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی قرارداد کو کالعدم قرار دیتے ہوئے میعاد مکمل ہونے تک دونوں ارکان اسمبلی کی معیاد برقرار رہنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے خلاف ٹی آر ایس کے 12 ارکان اسمبلی نے ہائیکورٹ کی فل بنچ میں اپیل داخل کی تھی ۔ اس درخواست پر آج ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ‘ کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا سپریم کورٹ کے وکیل ابھشیک مانو سنگھوی اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ویدیا ناتھن نے ہائیکورٹ کی بحث میں حصہ لیا ۔ ابھیشک مانو سنگھوی نے ویڈیو کلپنگ ہائیکورٹ میں پیش کرنے سے حکومت کیوں قاصر رہی استفسار کیا اور کہا کہ اسمبلی سے صرف اسپیکر اور سکریٹری کو ہی پٹیشن داخل کرنے کا اختیار ہے ۔