حیدرآباد 17 مارچ ( این ایس ایس ) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ کانگریس نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں عوام نہ صرف اپنی خوشیوں سے محروم ہوگئے بلکہ سارے ملک کے عوام اس کی حکمرانی سے خوش نہیں ہیں ۔ نائیڈو نے لمباڑی اور گریجن طبقہ کے افراد سے ملاقات کے موقع پر یہ بات کہی جو ہولی کے موقع پر ان کی قیامگاہ پہونچے تھے ۔ مسٹر نائیڈو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی معنوں میں ہولی کا تہوار اس وقت ہوگا جب عوام کے خواب پورے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گذشتہ دس سال سے صحیح معنوں میں ہولی نہیں منا پا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب کھلے دل سے ہولی منائیں کیونکہ کانگریس کا دور حکومت ختم ہونے والا ہے ۔ اگر عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے تو ملک بھر میں غیر کانگریسی حکومتیں قائم ہونی چاہئیں۔
جئے سمیکھیا آندھرا پارٹی میں خواتین و نوجوانوں کو ٹکٹ : کرن کمار
حیدرآباد 17 مارچ ( این ایس ایس ) جئے سمیکھیا آندھرا پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی عام انتخابات میں خواتین اور نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ فراہم کرکے انہیں انتخابی میدان میں اتارے گی ۔ سریکا کلم ضلع میں ایک روڈ شو کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی ترجیح انتخابات میں ٹکٹس فروخت کرنا نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابات میں سیاسی جماعتیں ٹکٹس فروخت کررہی ہیںتاہم ان کی پارٹی ایسا نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان پرجوش افراد کا انتخاب کرینگے جو پارٹی کی پالیسیوں کو پسند کرینگے ۔ ہم یقینی طور پر تلگو عوام کی عزت نفس کے نعرہ کے ساتھ انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز نے سیما آندھرا عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے ریاست کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس طرح سے ریاست کو تقسیم کیا گیا وہ طریقہ جمہوریت کے مغائر ہے ۔ انہوں نے طلبا ‘ نوجوانوں اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ ان کی پارٹی کے حق میں ووٹ دیں۔