کانگریس کے خلاف پون کلیان کے نعرہ کا خیر مقدم : وینکیا نائیڈو

حیدرآباد 15 مارچ ( این ایس ایس ) تلگو اداکار پون کلیان کی جانب سے نئی پارٹی کے قیام پر مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے ان کے کانگریس ہٹاؤ ۔ دیش بچاؤ نعرہ کا خیر مقدم کیا ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وہ کانگریس کے خلاف پون کلیان کے نعرہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان کی پارٹی کے پروگرامس اور اس کے نظریات کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی نئی جماعت کے تعلق سے کسی رائے کا اظہار کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ابھی تلنگانہ اور سیما آندھرا کے تعلق سے کسی حکمت عملی کو قطعیت نہیں دی ہے اور اپنی حکمت عملی کو قطعیت دینے کے بعد ہی دوسری جماعتوں سے اتحاد کے مسئلہ پر غور کیا جائیگا ۔ انہوں نے نئی جماعت کے قیام پر پون کلیان کے خلاف بیان دینے کی تردید کی اور کہا کہ میڈیا میں ان کے ریمارکس کو غلط انداز میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے ۔