کانگریس کی تین اہم کمیٹیوں میں منحرف لیڈر سریش ریڈی کا نام شامل

حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے سابق اسپیکر اسمبلی کے آر سریش ریڈی کو آج تشکیل دی گئی تین کمیٹیوں میں شامل کیا گیا جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے بہت پہلے کانگریس ہائی کمان کو ناموں کی سفارش کی گئی تھی مگر ایک ہفتہ قبل ہی کے آر سریش ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ شاید تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ذمہ داران نے اس کی اطلاع کانگریس ہائی کمان کو نہیں دی ہوگی اور ان کے ناموں کو فہرست سے نکالنے کی سفارش نہیں کی ہوگی جس کی وجہ سے کانگریس ہائی کمان نے تین اہم کمیٹیوں میں سریش ریڈی کے نام کو شامل رکھا ہوگا۔