آئیزول 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اُنھیں محسوس ہوتا ہے کہ کانگریس کی جانب سے شمال مشرقی ہند کو نظرانداز کیا جارہا ہے جبکہ اُن کی حکومت اِس علاقہ کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔ کانگریس پر لونگلی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ اُن کی پارٹی کانگریس کی تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔ میزورام میں جو کانگریس کا شمال مشرقی ہند میں آخری مستحکم گڑھ ہے، 28 نومبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ لونگلی میں انتخابی جلسہ کے بعد مودی نے بی جے پی کے انتخابی امیدواروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ شہری سوسائٹیوں کے ارکان اور طلبہ سے بھی اُن کی بات چیت ہوئی۔ ایک گھنٹہ طویل بند کمرے کے تبادلہ خیال کے بعد جو آئیزال کلب میں ہوا تھا، وزیراعظم نے میزورام ۔ آسام سرحدی تنازعہ اور گرو پناہ گزینوں کی آمد میں شدت پیدا ہونے کا ادعا کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی اقل ترین تعداد میں ریاستوں میں حکومت کررہی ہے اور امکان ہے کہ وہ صرف دو یا تین ریاستوں تک محدود ہوکر رہ جائے گی۔ میزورام کے عوام کانگریس کلچر سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی اولین ترجیح میزورم کے عوام نہیں ہیں۔ وہ صرف اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے الزام عائد کیاکہ کانگریس قائد ششی تھرور نے اگسٹ میں کہا تھا کہ وزیراعظم مودی اپنے عہدے کا وقار ملحوظ نہیں رکھ رہے ہیں۔ ملک کے وزیراعظم کو کسی بھی طرح خاندانی حکمرانی کا تذکرہ نہیں کرنا چاہئے لیکن وہ کانگریس کو خاندانی پارٹی کہتے ہوئے نہیں تھکتے۔