بنگلورو 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے قلب میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کے لئے کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہ بات کہتے ہوئے دعویٰ کیاکہ اُن کی حکومت بی آر امبیڈکر کے طاقتور اور خوشحال ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس نے جس طرح دلتوں کے ساتھ برتاؤ رکھا اُس پر شدید تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ اس پارٹی نے امبیڈکر کا کچھ احترام نہ کیا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس نے اپنے تمام تر اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے امبیڈکر کو شکست دی جب انھوں نے 1952 ء میں لوک سبھا کا الیکشن لڑا اور 1953 ء میں باندرہ لوک سبھا ضمنی چناؤ بھی مسابقت کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بابا صاحب کو شکست اور توہین برداشت کرنا پڑا۔ کانگریس کم از کم ایک چیز تو بتائے جو اُس نے بابا صاحب کے اعزاز میں کی ہو۔ بی جے پی کے ایس سی ؍ ایس ٹی ؍ او بی سی اور سلم مورچہ ورکرس کو اپنے نمو ایپ کے ذریعہ مخاطب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کے تعلق سے کانگریس کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتی ہے۔ یہ صورتحال کئی دہوں سے جاری ہے۔ جب تک کانگریس پارٹی اقتدار میں رہی بابا صاحب کو بھارت رتن نہیں دیا گیا۔ یہ دوہراتے ہوئے کہ امبیڈکر نے ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا جو ہر کسی کو مل جل کر ترقی کرنے میں مدد دے، وزیراعظم نے کہاکہ بی جے پی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ اُن کے خواب کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت یہ یقینی بنانے کی کوششوں میں مشغول ہے کہ سماجی انصاف اور مساوات قائم ہوجائیں۔ مودی نے کہاکہ درج فہرست طبقات، درج فہرست قبائیل، او بی سیز اور خواتین کو مالی طور پر بااختیار کرنے میں ’اسٹانڈ اپ‘ اور ’مدرا‘ یوجناؤں کا بڑا اہم رول ثابت ہورہا ہے۔ اُنھوں نے نشاندہی کی کہ بی جے پی کے اِن زمروں سے تعلق رکھنے والے سب سے زیادہ ایم پیز ہیں اور کہاکہ آزادی کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ اٹل بہاری واجپائی حکومت نے درج فہرست قبائیل کے لئے علیحدہ وزارت تشکیل دی۔ نیز یہ بھی واجپائی کے دور میں ہوا کہ حکومت نے درج فہرست قبائیل کے لئے علیحدہ قومی کمیشن بنایا۔ مودی نے کہاکہ بی جے پی کی مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، گجرات، راجستھان، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں حکومتیں قائم ہیں جہاں قابل لحاظ قبائیلی آبادی موجود ہے۔