کانگریس کو اقتدار ملنے پر اقلیتوں کیلئے سب پلان ‘ آبادی کے تناسب سے فنڈز

ٹکٹس کی تقسیم اور تنظیمی عہدوں میں بھی انصاف ۔اتم کمار ریڈی کا وعدہ ۔ پارٹی کے اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کانگریس کی حکومت تشکیل پاتے ہی اقلیتی سب پلان پر عمل اور آبادی کے تناسب سے اقلیتوں کیلئے فنڈز خرچ کرنے کا وعدہ کیا ۔ انتخابات میں اقلیتوں کو ٹکٹ اورتنظیمی و نامزد عہدوں پر موثر نمائندگی کا اعلان کیا ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کرکے دھوکہ دینے والے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں اہم رول ادا کرنے کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔ پردیش کانگریس نائب صدر و صدر نشین کانگریس انتخابی منشور اقلیتی امور عابد رسول خاں کی جانب سے کانگریس کے مسلم قائدین سے خطاب میںان خیالات کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ، اے آئی سی سی سکریٹریز سلیم احمد ، بوس راجو ، جنرل سکریٹریز تلنگانہ کانگریس ایس کے افضل الدین ، سید عظمت اللہ حسینی ، محمد مقصود احمد ، صدر تلنگانہ اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین صدر گریٹر حیدرآباد اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل صدر نظام آباد کانگریس طاہر بن حمدان صدر ضلع کانگریس محبوب نگر عبداللہ کوتوال سینئیر قائد خلیق الرحمن ، سکریٹری ٹی پی سی سی اعجاز خاں ، ساجد خاں کے علاوہ کئی مسلم قائدین نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کو اقلیت نواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ صرف کانگریس کرتی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی ۔ کانگریس نے مسلمانوں کو 5 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا ۔ عدالتی کشاکش کے باعث 4 فیصد تحفظات فراہم دئے گئے ۔ جس پر لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ اس مرتبہ منشور کے ذریعہ اقلیتی سب پلان کا وعدہ کررہی ہے اقتدار ملنے پرجس طرح مسلم تحفظات پر عمل کیا گیا اس طرح اقلیتی سب پلان پر بھی عمل کیا جائیگا ۔ بینکوں کے بغیر اقلیتوں کو سبسیڈی قرض فراہم کیا جائیگا ۔ اتم کمار نے کہا کہ کے سی آر نے مسلمانوں سے 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا ۔ اقتدار ملنے پر اس کو فراموش کرتے ہوئے دھوکہ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس بی جے پی سے اتحاد کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ بجٹ میں اضافہ کیا گیا مگر مکمل بجٹ کبھی جاری نہیں کیا گیا ۔ انہو نے کہا کہ انتخابات میں بھی اقلیتوں کو زیادہ ٹکٹ فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا ۔ تنظیمی سطح پر اور نامزد عہدوں کی تقسیم میں اقلیتوں سے مکمل انصاف کیا جائے گا ۔ محمد علی شبیر نے 2004-14 کے دوران اقلیتوں کیلئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اقلیتی قائدین سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو اقتدار پر لانے متحد ہو کر کام کریں ۔ عابد رسول خاں نے تمام قائدین سے پارٹی منشور میں شامل کرنے تجاویز طلب کئے ۔ سب پلان ، وقف جائیدادوں کے تحفظ ، ہر منڈل سطح پر مسلم طلبہ کیلئے ہاسٹلس ، وزیراعظم کے 15 نکاتی پروگرام کے علاوہ دوسرے پروگرامس پر عمل کا یقین دلایا اور تمام مسلم قائدین سے پارٹی کو کامیاب بنانے جدوجہد کی اپیل کی ۔