سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم ، خط اعتماد میں بی جے پی کو شکست یقینی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین نے دستور بچاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے آج یادگار شہیداں تلنگانہ گن پارک پر احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے خط اعتماد میں بی جے پی کو شکست ہوجانے کی توقع کا اظہار کیا ۔ کرناٹک میں اکثریت کے بغیر بی جے پی کو تشکیل حکومت کا موقع فراہم کرنے کے خلاف کانگریس نے آج ملک بھر میں احتجاج کیا ۔ گن پارک میں کئے گئے احتجاج میں قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک ارکان اسمبلی ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، ڈی کے ارونا ، سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، ایم ششی دھر ریڈی ، سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کانگریس کے قائدین فیروز خاں ، سابق کارپوریٹر ، محمد غوث ، سید فاروق پاشاہ قادری کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر سی کنٹیا نے کہا کہ گورنر نے اکثریت نہ رکھنے والی بی جے پی کو کرناٹک میں حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کرتے ہوئے دستور کا خون کیا ہے ۔ بی جے پی کے غیر دستوری اقدام کے خلاف کانگریس پارٹی آج سارے ملک میں دستور بچاؤ احتجاج منظم کررہی ہیں ۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے تازہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کل اسمبلی میں خط اعتماد کے موقع بی جے پی کو شکست ہوگی اور کانگریس کی تائید سے جے ڈی ایس حکومت تشکیل دے گی ۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ بی جے پی سیاسی مفادات کے لیے دستوری عہدوں کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ گورنر کرناٹک کا رویہ دستوری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کو حکومت تشکیل دینے کے لیے مکمل اکثریت ہے ۔ جن کے ارکان کی تعداد 116 ہے جب کہ 104 ارکان رکھنے والی بی جے پی کو گورنر نے حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کردیا ۔ کل اسمبلی میں بی جے پی حکومت کو شکست ہوجائے گی اور کانگریس کی تائید سے جے ڈی ایس حکومت تشکیل دیگی ۔۔