کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت،کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات کے ذریعہ اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔ ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنوں نے آج کے ٹی آر کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب جبکہ انتخابات قریب ہیں، کانگریس پارٹی اقتدار سے محرومی کے سبب بے چینی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ صدر پردیش کانگریس اور دیگر قائدین حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کا خواب دیکھنے والے کانگریس پارٹی قائدین ابھی سے چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے آپس میں دست و گریباں ہیں۔ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کانگریس قائدین کو صرف اقتدار چاہئے ۔ گزشتہ چار برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے جو فلاحی اور ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں، انہیں عوام کی مکمل تائید حاصل ہے۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی تائید کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور رائے دہندے دوبارہ ٹی آر ایس کو منتخب کریں گے۔ کے ٹی آر نے اقتدار کی واپسی تک داڑھی نہ مونڈھوانے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ داڑھی چھوڑنے والا ہر شخص گبر سنگھ نہیں ہوسکتا۔ کانگریس پار ٹی سے تلنگانہ عوام کو گزشتہ برسوں میں تلخ تجربات ہوئے ہیں۔ کے ٹی آر نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے کانگریس قائدین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس نے تلنگانہ کو نظر انداز کردیا تھا ۔ حکومت پر تنقید سے پہلے کانگریس قائدین کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ انہوں نے اپنے دورہ اقتدار میں کتنے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے۔ زرعی شعبہ کو نظر انداز کردیا گیا تھا اور کسان خودکشی پر مجبور ہوچکے تھے۔ نئی ریاست میں اندرون 6 ماہ ٹی آر ایس حکومت نے برقی بحران پر قابو پالیا اور کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور بھلائی کے اقدامات میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ سابق میں جب کبھی موسم گرما کا آغاز ہوتا ، فصلوں کو بھاری نقصان ہوتا رہا۔ صنعتیں برقی کی عدم سربراہی سے متاثر ہوتیں۔ تلنگانہ 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے والی ملک کی واحد ریاست ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کے 17 ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے گئے ۔ کانگریس نے 67 برسوں میں جو نہیں کیا ٹی آر ایس نے 4 برسوں میں کر دکھایا ۔ آزادی کے بعد کسی بھی چیف منسٹر کی کارکردگی کا کے سی آر سے تقابل نہیں کیا جاسکتا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ہائی کمان تلنگانہ کے عوام ہیں جبکہ کانگریس کو ہر معاملہ میں دلی سے اجازت لینی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لئے کانگریس پارٹی ناقابل عمل وعدے کر رہی ہے اور ان پر عوام ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے۔