پارلیمنٹ میں اہم بلز کی منظوری روک دی، اپوزیشن کی منفی مہم کے باوجود وزیراعظم کی کارکردگی نتیجہ خیز : بی جے پی
نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ اپوزیشن کی منفی مہم کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی نتیجہ خیز ہے۔ بی جے پی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن مسلسل ’’مخالف حکومت‘‘ مہم میں سرگرم ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی مدبرانہ قیادت کے تحت ہندوستان کی زبردست ترقی پر ’’مکمل مایوسی‘‘ کا شکار ہورہی ہے۔ ’’مخالف ترقی‘‘ اور ’’مخالف غریب‘‘ اقدامات کے علاوہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باوجود وزیراعظم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ان کی کارکردگی نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے۔ بی جے پی قومی سیکریٹری سریکانت شرما نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف جہاں عالمی قائدین وزیراعظم کی قیادت کی ستائش کررہے ہیں، اور ہندوستان کی ترقی کی رفتار کی تعریف کررہے ہیں، وہیں کانگریس قائدین جھوٹ کا سہارا لے کر زبردست سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔ اپنے حقیر سیاسی مفادات کے لئے وہ ترقی کو نہیں دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی خراب حالت کے باوجود 2015ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپوزیشن نے قومی حکومت کے خلاف منفی رائے عام کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی تھی۔ اپوزیشن نے نہ صرف پارلیمنٹ کی کارروائی کو روک دیا بلکہ اہم اصلاحات بلوں کی منظوری کو روک دیا۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو عدالت میں رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے لیکن یہ دونوں حکومت پر مسلسل الزام عائد کررہے ہیں تاکہ اپنی خود کی خرابیوں اور ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹا سکیں۔ بی جے پی لیڈر نے کیرالا اور ہماچل پردیش جیسی ریاستوں میں کانگریس حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کی جہاں علی الترتیب چیف منسٹر اومن چنڈی اور ویر بھدرا سنگھ کو کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ مودی کے دیگر مخالفین کو بھی عدالتی کشاکش سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی بھی ووٹ بینک کی سیاست کررہی ہیں۔ بہار میں لا اینڈ آرڈر کی صورتِ حال ابتر ہے کیونکہ نتیش کمار نے چیف منسٹر کی حیثیت سے خود کو لالو پرساد یادو کے تابع کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایسے کام کے لئے مقبول ہورہی ہے، اچھے دن آنے کے وعدہ کے بارے میں مودی کے نعرے پر سوال اُٹھایا جارہا ہے، ہم نے ان تمام ناقدین کا جواب اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعہ کیا ہے۔