کانگریس پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حامی

نئی دہلی ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی اصولی طور پر حمایت کی اور نریندر مودی حکومت کو خارجہ پالیسی امور پر ’’جیسے کو تیسا‘‘ طریقہ کار کے خلاف خبردار کیا۔ پارٹی ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ ہم خارجہ پالیسی امور پر حکومت کی بھرپور تائید کرتے ہیں لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ہماری خارجہ پالیسی میں تبدیلی نہ ہو اور ہوا کے رخ پر روزانہ یا ہر مہینہ مذاکرات کا عمل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ حکومت کو اس معاملہ میں واضح موقف اختیار کرنا چاہئے۔ حکومت نے کل کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ مذاکرات مقررہ طریقہ کار کے اندر ہی ہوں گے لیکن وزیراعظم نریندر مودی کی نیپال میں پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔کانگریس نے حالیہ دنوں میں نریندر مودی کی خارجہ پالیسی پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ جیسے کو تیسا یا سخت گیر پالیسی سے مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔