ٹی آر ایس کے ترقیاتی اقدامات اپوزیشن کو ناقابل برداشت ، بی سمن
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی سمن نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو برداشت نہ کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹ ملوبھٹی وکرامارکا کی جانب سے تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا دوسرا نام اسکامس اور بدعنوانیاں ہیں ایسی پارٹی کے قائدین کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہکانگریس دور حکومت میں مختلف پراجکٹس اور اسکیمات میں بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں وزراء اور آئی اے ایس عہدیدارجیل جاچکے ہیں اور ابھی بھی کانگریس قائدین کو مقدمات کا سامنا ہے۔ اپنے دور کی بے قاعدگیوں کو بھلاکر کانگریس قائدین ٹی آر ایس حکومت پر بیجا تنقیدیں کررہے ہیں۔ سمن نے بتایا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے کام کے آغاز پر کانگریس قائدین نے بڑے پیمانے پر کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت مہم کیلئے تلنگانہ عوام کانگریس پارٹی کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے دو سال کے عرصہ میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کیلئے تلنگانہ مثالی ریاست کا درجہ رکھتی ہے اور یہاں کی اسکیمات کو دوسری حکومتیں متعارف کرنے کی تیاری کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے خود تلنگانہ کے شروع کئے گئے پراجکٹس کی ستائش کی تھی۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے الزامات کے بجائے حکومت کو پراجکٹس کی تکمیل میں تعمیری تجاویز سے تعاون کریں۔ ٹی آر ایس حکومت کے دور میں تلنگانہ جس طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس سے اپوزیشن قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پراجکٹس کی تعمیر مکمل ہوجاتی ہے تو کانگریس پارٹی کا مستقبل تاریک ہوجائیگا اس خوف کے تحت کسانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو چیالنج کیا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کو مشتعل کرنے کیلئے الزام تراشی کی جو مہم شروع کی ہے اس کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ کسان اچھی طرح جانتے ہیں کہ حکومت نے ان کی بھلائی کیلئے پراجکٹس کا آغاز کیا ہے تاکہ تلنگانہ سے خشک سالی کا مستقل طور پر خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔