حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے ملک کی 29 ویں ریاست کی حیثیت سے تشکیل پانے والی نئی ریاست تلنگانہ کی ترقی و تعمیر نو کو یقینی بنانے کانگریس کو برسراقتدار لانے کی عوام سے اپیل کی ۔ وہ آج امبیڈکر چوک سنگاریڈی پر منعقدہ انتخابی جلسے عام سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ عوام کی خواہشات کااحترام کرتے ہوئے ان کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے ذریعہ کیا ہے ۔ ملک میں عام انتخابات ہورہے ہیں پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کا مقابلہ ایک ایسی سیاسی پارٹی سے ہے جو کہ سیکولر نہیں ہے اور بی جے پی کا ہندوستان کی آزادی میں کوئی رول نہیں رہا ہے جب کہ کانگریس پارٹی نے ہندوستان کی آزادی میں اہم رول ادا کیا ملک کی برق رفتار ترقی کانگریس کے ذریعہ ہی ممکن ہوئی ہے۔
کانگریس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کئی ایک اقدامات کئے جس میں اقلیتی طلباء کے لیے اسکالر شپس و فیس ری ایمبرسمنٹ بھی شامل ہیں ۔ کانگریس دور حکومت میں ہی خواتین کو 50 فیصد تحفظات دئیے گئے جو کہ ایک کارنامہ ہے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں بھی کانگریس کے سابق رکن اسمبلی جئے پرکاش ریڈی نے کئی ایک ترقیاتی کام انجام دئیے ۔ جس کا ثبوت سنگاریڈی میں آئی آئی ٹی کا قیام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی ، حیدرآباد کی طرح ترقی حاصل کررہا ہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی و تعمیر نو کانگریس سے ہی ممکن ہے کسی نا تجربہ کار سیاسی پارٹی کو ہرگز اقتدار نہیں سونپنا چاہئے ۔ انہوں نے ڈاکٹر شراون کمار ریڈی امیدوار کانگریس حلقہ پارلیمان میدک اور ٹی جئے پرکاش ریڈی امیدوار کانگریس حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ سابق رکن اسمبلی و امیدوار کانگریس حلقہ اسمبلی سنگاریڈی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں کے دوران حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں بے شمار ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ۔ چنانچہ ترقی اور ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہئے اگر وہ منتخب ہوتے ہیں تو آئندہ 5 سالوں میں بھی حلقہ اسمبلی کو ترقی دیتے ہوئے ریاست کا مثالی اور ترقی یافتہ مقام بنانے کی بھر پور سعی کریں گے ۔ شیخ صابر صدر ٹاون کانگریس کمیٹی سنگاریڈی نے کہا کہ جئے پرکاش ریڈی ایک سیکولر قائد ہیں جو سب کے لیے کام کرتے ہیں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کی ترقی اور غریب عوام کے مسائل کی یکسوئی کے لیے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ قبل ازیں کانگریس کی جانب سے سنگاریڈی چوراہا تا نعل صاحب گڈہ ، امبیڈکر چوک تک ایک زبردست ریالی منظم کی گئی ۔ غلام نبی آزاد ، ڈاکٹر شراون کمار ریڈی ، ٹی جئے پرکاش ریڈی نے درگاہ حضرت فتح خاں صاحب میاں مجذوبؒ سنگاریڈی میں حاضری دی ۔ اس موقع پر شیخ عبدالغنی سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی ، محمد افضل حسین صدیقی ، معراج خاں ہاشمی ، وحید خاں ، خالد نظامی ، محمد قدیر ، ڈاکٹر غوث ، اسد چاوش ، محمد جمیل بھائی ، مرزا امیر بیگ و دیگر کثیر تعداد میں کانگریس قائدین و کارکنان موجود تھے ۔۔