راہول گاندھی باصلاحیت قائد، جئے رام رمیش
حیدرآباد ۔ 28 اپریل (پی ٹی آئی) انتخابات میں ہارجیت سے قطع نظر عام انتخابات کے بعد کانگریس میں پشتیہ تبدیلی ہوگی۔ مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے یہاں پی ٹی آئی کو یہ بات بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے سال 2014ء کے انتخابات میں نتائج سے قطع نظر نوجوان امیدواروں کو موقع دیا۔ کانگریس کی جانب سے 30 تا 40 سالہ عمر سے زائد امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے سوال پر جئے رام رمیش نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہیکہ کانگریس اپنا جائزہ لے۔ راجیہ سبھا رکن نے راہول گاندھی کو ایک جواں سال قائد بتاتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر قائدین کو چاہئے کہ وہ ان کی قیادت کو تسلیم کریں۔ مرکزی وزیر نے ایک سوال پر کہا کہ انتخابات کے بعد وہ کانگریس میں پشتیہ تبدیلی کی سوفیصد توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی عمر اب 60 سال ہوچکی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمر کے اس حصہ میں وہ مختلف ممالک جیسے پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور ایران کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے راجیہ سبھا میں دو میعاد اور لوک سبھا میں تین میعاد کی وکالت کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں پانچ یا چھ میعاد کی مخالفت کی۔